مینگورہ ،تعلیم کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ فضل حکیم
مینگورہ(نمائند ہ سوات پوسٹ)دی شیڈو تنظیم نے چالیس طلبہ و طالبات کو ایم پی ایس کالج میں مارننگ کلاسز میں داخل کرادیا ، دی شیڈوتنظیم کے ایگزیکٹیوڈائریکٹر شان الٰہی نے کہاہے کہ ان کی تنظیم اپنی مددآپ کے تحت غریب ا ورناداربچوں کو سکولوں میں داخل کرارہی ہے تاکہ تعلیم حاصل کرکے کل یہ بچے ملک وقوم کی خدمت میں کرداراداکرسکے،اب تک ہم نے تقریباََ سوایسے بچوں کو مختلف سکولوں اورکالجوں میں داخل کرادیاہے جنہوں نے مالی مشکلات کے سبب تعلیم کوخیربادکہہ دیا تھا،سوات پریس کلب میں رکن صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایک سال کے اندردی شیڈوتنظیم نے اپنی مددآپ کے تحت گلی کوچوں سے بچوں کو اٹھاکر انہیں سکولوں میں داخل کرادیا ہے جبکہ حال ہی میں میٹرک کے بعدجو طلبہ کالجوں میں داخلوں سے محروم رہ گئے تھے ہماری سفارش اور کوششوں سے ایم پی اے نے ان کیلئے سیکنڈشفٹ شروع کرادیا ہے جس کے سبب ان طلبہ کو داخلے مل گئے جنہوں نے تعلیم کا سلسلہ شروع کردیا ہے ، انہوں نے کہا کہ میں ایم پی اے فضل حکیم اور ڈائیریکٹر ایم پی ایس کالج گلیارکے انتہائی مشکور ہوں جنہوں نے اس مشن میں ہمارا ساتھ دیا ، اس موقع پر فضل حکیم خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ،علاقہ تختہ بندڈگری کالج پرکام جاری ہے جہاں پر دوہزارسے زیادہ طلبہ کیلئے گنجائش ہوگی اس کے علاوہ تعلیم کے فروغ کیلئے بھی عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جس کے ثمرات بھی عنقریب سامنے آنا شروع ہوجائیں گے،انہوں نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ ریاست کے بعد سوات میں تعلیم پر کسی نے توجہ نہیں دی حالانکہ مینگورہ شہر اورسوات کی آبادی مسلسل بڑ ھ رہی ہے جس کی مناسبت سے سکولوں اورکالجوں کی تعدادبہت کم ہے ہماری کوشش ہے کہ یہاں پر ضرورت کے مطابق تمام تر سہولیات سے آراستہ تعلیمی ادارے قائم کریں تاکہ بچوں کو مقامی سطح پر اعلیٰ تعلیم کے حصول کے مواقعے میسرآسکے،اس موقع پر دی شیڈوکے ممبرکاشف ،فاروق خان اوردیگر بھی موجود تھے۔