کبل،تحصیل میونسپل کمیٹی میں کرپٹ اور کام چور اہلکاروں کے لئے کوئی جگہ نہیں ۔ حا جی رحمت علی
سوات(بیورورپورٹ)تحصیل کونسل کبل کے ناظم حاجی رحمت علی نے کہاہے کہ تحصیل میونسپل کمیٹی میں کرپٹ اور کام چور اہلکاروں کے لئے کوئی جگہ نہیں ،کرپشن کا ناسور ختم کرکے عوام کی بے لوث خدمت ہی ہمارا مشن ہے ،تحصیل کبل میں صفائی اور پینے کے صاف پانی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں ،محدود وسائل کے باوجود انقلاب برپاکیا جائے گا ،ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ تحصیل نظامت کی ذمے داری دیکر جماعت اسلامی نے انہیں عوامی خدمت کی جو امانت سونپی ہے اس پر پورا اترنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی تاکہ عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کی جاسکے،انہوں نے کہاکہ چارج سنبھالنے کے بعد ٹی ایم اے کبل میں افسران سمیت اہلکاروں کی ڈیوٹی کو یقینی بنادیا گیا ہے اور ان کے لئے مخصوص ورردی بھی لازمی قراردی گئی ہے ،انہوں نے کہا کہ صفائی کا موثر نظام اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی ان کے لئے بڑے چیلنجز ہیں جس کے لئے انہوں نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھا نا شروع کردئے ہیں جبکہ سٹریٹ لائٹس کو بھی دوبارہ فعال بنایا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ وہ سرکاری دفتر میں نہ سرکاری چائے پیتے ہیں نہ کھا نا اور نہ ہی کسی کو قوم کا مال کھانے اور ہضم کرنے کی اجازت دی جائے گی انہوں نے کہاکہ دیانت دار اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی لیکن کسی کو کرپشن اور کام چوری کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔