رمضان استقبال شانگلہ میں گرانفروشوں نے چھریاں تیز کردی
بشا م ( نما ئند ہ سوات پوسٹ)رمضان استقبال شانگلہ میں گرانفروشوں نے چھریاں تیز کردی ،غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کردیا ،سبزی ،پھلوں سمیت اشیاء خوردنوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ،ضلعی اور تحصیل انتظامیہ لمبی تان کر سوگئی ۔عوامی حلقوں کا اصلاح و احوال کا مطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کا مقصد س مہینے کی آمد کیساتھ ہی گرانفروشوں نے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کردیا ہے۔ضلع شانگلہ کے مرکزی شہر بشام سمیت الپوری ،پورن ،چکیسر ،کروڑہ ،شاہ پور ،بیلے بابا اور دیگر بازار وں میں سبزی ،پھلوں اور دیگر اشیاء خوردنوش کی قیمتوں میں دوگنا اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ پوچھنے والا کوئی نہیں ہے نہ کسی کے پاس نرخنامہ موجود ہے ۔شانگلہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک ایک مقدس مہینہ ہے اس میں منافع خوروں کی جانب سے قیمتیں بڑھانے کی وجہ سے غریب لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ایک غریب شخص دو سو روپے اجرت پر کام کرتا ہے تو وہ اپنے گھر کیلئے کس طرح اشیاء خوردنوش کی چیزیں خریدیں ۔دوسری جانب قصائیوں نے بھی قیمتیں بڑھادی ہیں اور برف کی قیمت بھی آسمان سے باتیں کررہی ہے جبکہ انتظامیہ اور محکمہ فوڈ کے اہلکار خاموش تماشائیوں کا کردار ادا کررہے ہیں ۔اہلیان شانگلہ نے صوبائی حکومت سے رمضان المبار ک کے مقدس مہینے میں چیک اینڈ بلینس کرنے اور گرانفروشوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔






