سوات، مختلف ٹریفک حادثات میں تین موٹر سائیکل سوار جاں بحق، دو افراد زخمی
سوات (بیورو رپورٹ)سوات میں عید کے دوسرے روز مختلف ٹریفک حادثات میں تین افراد جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے، کبل،ناگوہا اور گورتئی میں حادثات ہوئے جن میں موٹر سائیکل سوار ہی جاں بحق ہوئے، پہلاحادثہ میں سوات کی تحصیل بریکوٹ کے علاقے ناگوہا میں موٹر کار اور موٹر سائیکل میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار عبد الرحمان ولد خونہ گل سکنہ امانکوٹ جاں بحق اور اس کا ساتھی عبد اللہ ولد امیر اکبر سکنہ امانکوٹ میں زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لئے سیدو شریف اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق موٹر کار ڈرائیور موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے جبکہ اس کی گاڑی کو قبضے میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی ہے۔اسی طرح دوسرا حادثہ بریکوٹ کے علاقے گورتئی میں موٹر کار اور موٹر سائیکل میں تصادم ہوا جس میں موٹر سائیکل سوار نعیم اللہ ولد سید حبیب اللہ سکنہ چارسدہ جاں بحق ہوگیا، پولیس نے موٹر کار ڈرائیور کو گرفتار کر کے رپورٹ درج کر لی جبکہ جاں بحق نوجوان کی لاش آبائی علاقے منتقل کردی گئی۔ تیسرا حادثہ تحصیل کبل کے علاقے ڈاڈہ ھرہ میں پیش آیااس حادثے میں بھی موٹر کار اور موٹر سائیکل میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوارجاں بحق جبکہ اس کا ساتھی زخمی ہوگیا۔ واضح رہے کہ عید کے دو دنوں کے دوران مختلف حادثات میں 9افراد جاں بحق اور14افراد زخمی ہو چکے ہیں جن میں جاں بحق افراد ذیادہ تر موٹر سائیکل سوار تھے۔





