جہانزیب کالج میں نئے تعلیمی سال2015-16کا آغاز ہوگیا
مینگورہ( نما ئند ہ سوات پوسٹ)پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج سوات میں نئے تعلیمی سال 2015.16کا آغاز ہوگیا۔اس سلسلے میں پرنسپل پرو فیسر ظاہر شاہ کی صدارت میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں تدریسی عملے، والدین، طلباء اور علاقے کے عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ طلباء کو کالج کے نظم و نسق سے آگاہ کر تے ہوئے کالج کے چیف پراکٹر پروفیسر فضل معبود نے کہا کہ جہانزیب کالج اپنا ایک منفرد شناخت رکھتا ہے اور یہاں کے طلباء کو کسی دوسرے شناخت کی ضرورت نہیں ۔انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ غیر تعلیمی سرگرمیوں سے دور رہیں اور اپنا قیمتی وقت ضائع نہ کریں ۔ کالج کے پرنسپل پروفیسر ظاہر شاہ نے اپنے خطاب میں والدین کا شکریہ ادا کیا اور ان کو یقین دلایا کہ اب ان کے بچے اس تاریخی درسگاہ کا حصہ ہیں اور محفوظ ہاتھوں میں ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ طلباء کی تعلیم و تربیت ان کی ذمہ داری ہیں جس میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی ۔






