امن کی بحالی میں پولیس جوانوں کا کردار مثالی ہے ۔ محمو د خان
سوات (بیورورپورٹ) سوات میں قیام امن کے لئے قربانی دینے والے پولیس جوانوں کی یاد میں ہفتہ شہدائے پولیس کی تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں ،اختتامی تقریب کے دوران پولیس جوانوں نے گارڈ آف آنرپیش کی جبکہ مہمان خصوصی صوبائی زیر محمود خان اور ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن نے یادگارشہدا پر پھول چڑھائے ،اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے مشیر محب اللہ خان ،قائمقام کمشنر ملاکنڈڈویژن محموداسلم وزیر ،ڈی پی او سوات محمد سلیم مروت بھی اس موقع پر موجود تھے ،پولیس حکام نے شہدا کے قبروں پر بھی جاکر سلامی دی اور اجتماعی دعا کی گئی ،ہفتہ شہدائے پولیس کے دوران پولیس کی جانب سے ہر پولیس اسٹیشن کی سطح پر شہدائے پولیس کی یاد میں کیمپ لگائے گئے جبکہ مختلف علاقوں میں سول سوسائٹی نے پولیس حکام سے مل کر ریلیاں بھی نکا لیں ،ہفتہ شہدائے پولیس کی اختتامی تقریب سوات پولیس ٹریننگ اسکول میں ہوئی اس دوران شہیدپولیس جوانوں کو خراج عقید ت پیش کیا گیا ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر آبپاشی محمود خان اور دیگر مقررین نے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ امن کی بحالی میں پولیس جوانوں کا کردار مثالی ہے اوران کی شہادتوں کو تاریخ کے اوراق میں سنہری الفاظ سے لکھاجائے گا ،د ہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے شہداء کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، اس اس ضمن میں امن کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گاانہوں نے کہاکہ سوات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس افیسرز اور جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے سوات میں امن کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور حکومت کسی بھی صورت ان شہدا کے خاندانوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گی ،اس دوران سوات کے مختلف علاقوں میں ڈی ایس پیز ، اور ایس ایچ اوز نے پولیس دستوں کے ہمراہ مختلف مقامات پر شہداء کے قبروں پر جا کر انہیں سلامی پیش کی قبروں پر پھول چڑھائے۔






