مینگورہ ، جشن آزادی کے سلسلے میں ملاکنڈ ڈویژن کے ہیڈ کوارٹر میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد
سوات (پریس ریلیز )جشن آزادی کے سلسلے میں ملاکنڈ ڈویژن کے ہیڈ کوارٹر سیدو شریف میں ایک پر وقار تقریب ودودیہ ہائی سکول میں منعقد ہوئی۔تقریب میں سکولوں کے طلباء،اساتذہ اور سرکاری افسران کے علاوہ معززین شہر نے بھی شرکت کی ۔تقریب سے قائم مقام کمشنر ملاکنڈ محمود اسلم وزیر،ریجنل پولیس آفیسر آزاد خان ، ڈی پی او سوات سلیم مروت ،کرنل علی یاسر نے خطاب کرتے ہوئے تحریک پاکستان کے قائدین ،کارکنان،اور شہداء کو زبردست خرا ج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بانیان پاکستان کو حقیقی خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم بابائے قوم اور ان کے رفقاء کے بنائے گئے وطن پاکستان کی ایمانداری ،خلوص نیت اور ملی جوش و جذبہ سے خدمت کرے اور اس کودنیاکے ترقی یافتہ ملکوں میں نمایا ں مقام دلائیں۔انھوں نے نئے نسل کو تاکید کی کہ وہ حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کے زرین اصولوں ایمان ،تنظیم،اتحاد اور یقین محکم کو اپنی زندگی کے رہنما اصول بنائیں اور نہ صرف اپنے والدین بلکہ پاکستان کا نام بھی ہر شعبہ زندگی میں روشن کرے ۔انھوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنی آزادی کی جشن جوش و جذ بہ سے مناتی ہیں اور جو قومیں آزادی کی قدر نہیں جانتیں وہ کھبی بھی ترقی نہیں کر سکتیں ۔مقررین نے کہا کہ پاکستان روز اول سے ہی شہداء کی قربانیوں کی بدولت قائم ہوا اور قیام کے بعد بھی اس کے بہادر سپوت ہر شعبہ زندگی میں اس پر اپنی جان ومال نچھاور کرتے رہے ہیں انھوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران پاک فوج،سول فورسز اور عوام نے ملک میں امن ،ترقی اور خوشحالی کے لیے جو قربانیاں دیں ان کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی اور یقین دلایا کہ ان قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان بہت جلد ایک پر امن ،خوشحال اور فلاحی ریاست ابھر کر سامنے آئے گاتقریب کے دوران مختلف سکولوں کے بچوں نے تلاوت ،حمد ونعت اور ملی نغمے پیش کیے جبکہ ڈویژنل پولیس بینڈ نے مقبول ملی نغموں کی دھنیں پیشں کیں ۔قبل ازیں قائم مقام کمشنر نے پرچم کشائی کی ،قائمقام کمشنر محمود اسلم وزیر نے ڈویژنل پولیس بینڈ کو بہتر کارکردگی پر3000روپے بھی نقد دی۔